لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بنتھرا علاقہ میں اتوار کی رات اسلحہ سے لیس بدمعاشوں نے دو ڈھابوں پر حملہ بول دیا۔ بدمعاشوں نے ڈھابہ پر موجود لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کی اور پھر سب کو یر غمال بنا لیا۔ اس کے بعد بدمعاش نے گلہ میں رکھے روپئے لوٹے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولس نے اس معاملہ میں رپورٹ تو درج کر لی ہے لیکن واردات کوآپسی رنجش بتا رہی ہے۔ بنتھرا جناب گنج میں وپن سنگھ اور نشو سنگھ کا ڈھابہ ہے۔ اتوار کی شام کو تین گا
ڑیوں پر سوار بارہ سے زیادہ اسلحوں سے لیس بدمعاشوں نے دھاوا بول دیا۔ بدمعاشوں نے دونوں ڈھابوں کے گلے سے روپئے نکالنے شروع کئے تو وپن سنگھ اور نشو سنگھ نے اس کی مخالفت کی۔ اس پر بدمعاشوں نے ان کو مارا پیٹا اور انہیں یرغمال بنا لیا۔ بدمعاشوں کو دیکھ کر ملازمین نے بھی ان کی مخالفت کی تو ان کو بھی بدمعاشوںنے مارا اور ڈھابہ میں توٹ پھوڑ کی اس کے بعد بدمعاش گلہ میں رکھے روپئے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈھابہ کے لوگوں نے مدد کیلئے شور مچایا جس پر گاؤں والے اکٹھا ہونے لگے۔ گاؤں والوں کو آتا ہوا دیکھ کر بدمعاش فائرنگ کرتے ہوئے وہاں سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر بنتھرا پولس بھی پہنچ گئی تو ڈھابہ کے لوگوں نے بتایا کہ وہ ان میں سے کچھ کو پہچانتے ہیں۔ چنانچہ پانچ افراد کے خلاف نامزد رپورٹ بھی درج کرائی گئی۔ پولس کا خیال ہے کہ یہ آپسی رنجش کا معاملہ ہے اور دونوں فریق میں پہلے سے ہی تنازعہ چل رہا تھا۔