ریاض/ کویت سٹی: سعودی عرب اور کویت میں آدھی رات کو اُس وقت دن کی روشنی پھیل گئی جب ایک چمک دار ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر زمین کی طرف آیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق شمال مشرقی شہر “حفر الباطن” میں اندھیری رات کو ایک ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر زمین کی طرف آنے کے واقعے سے رات 3 بجے کے وقت دوپہر کی سی روشنی کا منظر پیدا ہوگیا۔
یہی ٹوٹا ستارہ کویت کے جنوب مشرقی حصے میں بھی شہریوں نے دیکھا اور کئی نے ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک ایک ستارہ آسمان پر روشن ہوتا ہے جو زمین کی طرف جا رہا ہے۔
ستارے کی روشنی سے نصف شب میں دن کا سماں پیدا ہوگیا اور ہر شے چمک اُٹھی۔ ستارہ 26 کلومیٹر فی سیکنڈ کے حساب سے زمین کی طرف بڑھ رہا تھا تاہم زمین پر پہنچنے سے قبل ہی مکمل طور پر جل کر ختم ہوگیا۔