ئی دہلی، 13 اپریل (یو این آئی) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی لیڈروں نے بدھ کو جلیانوالہ باغ قتل عام کی برسی کے موقع پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہاکہ ہم اپنے مادر وطن کی آزادی کی خاطر ان کی عظیم قربانی کے لیے ہمیشہ ان کے مقروض ہیں۔ آج میں 1919 میں امرتسر کے جلیانوالہ باغ میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ جلیانوالہ باغ کا قتل عام تاریخ کے سب سے سنگین انسانی حقوق کے جرائم میں سے ایک ہے۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ہم اپنے آزادی کے جنگجوؤں کو جو بہترین خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں وہ ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر ہے جس کا انہوں نے تصور کیا تھا۔
نریندر مودی نے ٹویٹ کیا، ’’1919 میں آج کے دن جلیانوالہ باغ کے شہیدوں کو خراج عقیدت۔ ان کی بے مثال ہمت اور قربانی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔‘‘شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہاکہ ملک کی آزادی کے لیے ان کی قربانی آنے والی نسلوں کو ترغیب دیتی رہے گی۔بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے کہاکہ جلیانوالہ باغ کے قتل عام کا ہندوستانی جدوجہد آزادی پر سب سے زیادہ اثر پڑا۔ میں تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہاکہ 103 سال پہلے جلیانوالہ باغ کے قتل عام نے ایک مطلق العنان حکمرانی کی بربریت کا سیاہ چہرہ دنیا کو دکھایا۔ بہادر شہیدوں کو خراج تحسین۔کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ ان کی عظیم قربانی نسلوں کو ناانصافی کے خلاف لڑنے کی ترغیب دے رہی ہے۔