منیلا، 16 اپریل (یو این آئی/ژنہوا) فلپائن میں گردابی طوفان میگی تباہی مچا رہا ہے۔ یہاں طوفان کے باعث آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں مرنے والوں کی تعدادبڑھ کر 167 ہو گئی ہے جب کہ 110 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حکومت نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ منیجمنٹ کونسل نے کہا کہ وسطی فلپائن میں 164 اور جنوبی فلپائن میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ ایجنسی نے آفت زدہ علاقوں سے موصول اپنی رپورٹ میں وسطی فلپائن میں مزید 110 افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع دی۔
میگی نے سب سے پہلے وسطی اور جنوبی فلپائن کے علاقوں میں اپنی دستک دی، جس سے شدید بارش ہوئی۔ اس کے بعد 10 اپریل کو اس نے صوبہ لیٹے کے بیبے اور ابویوگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے یہاں کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔
جمعہ کو فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوتیرتے نے تباہ شدہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں کو امدادی سامان فراہم کیا۔ انہوں نے لینڈ سلائیڈنگ میں دبے دیہات کا فضائی معائنہ بھی کیا۔