احمد آباد 21 اپریل (یو این آئی) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ہندوستان کے دو روزہ دورے پر آج صبح احمد آباد پہنچے۔
مسٹر جانسن کا ہوائی اڈے پر گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت اور وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے استقبال کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کے دورے پر آئے مسٹر جانسن آج گجرات میں مختلف پروگراموں میں شرکت کے بعد رات کو دارالحکومت نئی دہلی پہنچیں گے۔
برطانوی وزیر اعظم کا جمعہ کی صبح راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کیا جائے گا۔ اس کے بعد وہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کرنے راج گھاٹ جائیں گے۔ اس کے بعد وزیر خارجہ ایس جے شنکر ان سے ملاقات کریں گے۔ وہ صبح 11 بجے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
میٹنگ میں دونوں رہنما روڈ میپ 2030 کے نفاذ کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بارے میں ایک وژن پیش کریں گے۔ وہ باہمی مفادات کے پیش نظر مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے اور دونوں رہنماؤں کے پریس بیانات بھی ہوں گے۔ مسٹر جانسن جمعہ کی رات 10:30 بجے اپنے آبائی ملک روانہ ہوجائیں گے۔