ممبئی، 23 اپریل (یو این آئی) بالی ووڈ کے سنگھم اسٹار اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ 90 کی دہائی کے مقابلے میں اب فلمیں بنانا بہت مشکل کام ہو گیا ہے۔
اجے دیوگن ان دنوں اپنی آنے والی فلم رن وے 34 کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ اجے دیوگن نے کہا کہ 90 کی دہائی کے مقابلے میں اب فلمیں بنانا پہلے سے زیادہ مشکل ہوگیا ہے۔
کیونکہ نئی نسل کے لیے اب چیزیں بدل چکی ہیں۔ فلموں کا بجٹ بہت بڑھتا جا رہا ہے۔ آپ کو ہر وقت محتاط رہنا پڑتا ہے کہ پیسہ اور وقت ضائع نہ ہو۔ پہلے فلم بنانے میں بہت مزا آتا تھا، ہم ذرا لاپرواہ تھے۔ فلم کامیاب ہوگی یا نہیں اس کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ نہ کوئی تشہیر ہوتی تھی اور نہ ہی کوئی سوشل میڈیا تھا۔ اس لئے آپ کو معلوم نہیں ہوتا تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔ عوام کا ردعمل کیا ہے۔ اب تخلیق کاروں پربھی دباؤ زیادہ ہے۔
اجے دیوگن نے کہا، “آج کل ہر کوئی ناقد بن گیا ہے۔ جس کی وجہ سے آج کل دباؤ بھی بہت بڑھ گیا ہے۔ آج ہمیں اپنے کام پر زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے۔ اب انڈسٹری معیاری کام کے تئیں سنجیدہ ہوگئی ہے۔ کیونکہ اس کو معلوم ہے کہ اب اس کے ناظرین کے پاس بین الاقوامی سینما بھی ہے۔‘‘