اداکار شاہد کپور نے اسکول میں اپنے ساتھ پیش آنے والے بدسلوکی کے واقعات سے پردہ اُٹھایا ہے۔اداکار شاہد کپور آج کل اپنی نئی فلم ’جرسی‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں ۔
اس دوران انہوں نے میڈیا کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں اپنے اسکول کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں بمبئی اسکول کے بچوں کی جانب سے غنڈہ گردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
شاہد کپور کا کہنا تھا کہ’انہیں اپنا بمبئی کا اسکول بالکل نہیں پسند کیوں کہ اُس اسکول میں انہیں بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس برے رویئے میں نہ صرف اسکول کے بچے بلکہ اُن کے اساتذہ بھی شامل تھے۔‘
انہوں نے اپنے انٹرویو کے دوران کہا کہ ’معذرت کے ساتھ مگر یہ سچ ہے کہ وہ اسکول میں متعدد بار غنڈہ گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔‘
شاہد کپور نے کہا کہ ’مجھے اپنا دہلی والا اسکول پسند تھا، میں وہاں کلاس ’جونیئر کے جی‘ سے تھا اور میرے بہت سے دوست بھی تھے، میرے پاس دہلی کی حیرت انگیز یادیں ہیں۔‘
انہوں نے اپنے بمبئی کے اسکول کی تلخ یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے بمبئی والے اسکول کی یادیں زیادہ خوشگوار نہیں ہیں، میں بمبئی میں کالج مٹھی بائی میں تھا، میرا کالج بہت اچھا تھا، مجھے بہت مزہ آیا، میں نے کالج میں کافی فن کیا تھا لیکن اسکول کی یادیں اتنی اچھی نہیں ہیں۔‘