عالمی یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں دنیا کے نوے سے زیادہ ممالک میں مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
رمضان المبارک کے آخری جمعے کو دنیا بھر میں بڑے پیمانے پرعالمی یوم القدس منایا گیا ۔ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے فرمان پر پررمضان المبارک کے آخری جمعے ، جمعۃ الوداع کوعالمی قدس قراردیا گیا ہے تاکہ دنیا بھرکے مسلمان صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کریں۔ اسی مناسبت سے جمعے کے دن ایران ، عراق ، شام ، لبنان ، یمن ، بحرین ، سوڈان ، پاکستان ، ہندوستان ، کویت ، برازیل ، جمہوریہ آذربائیجان، چین ، نائجیریا ، افغانستان ، برطانیہ ، امریکہ اور روس سمیت نوے سے زائد ملکوں میں عالمی یوم قدس کے پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
عالمی یوم القدس کے مظاہروں اور ریلیوں میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیونی حکومت کے جرائم کی بھرپورمذمت کی گئی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث گذشتہ دو برس تک عالمی یوم القدس کے موقع پر بائیک اور کارریلیوں کا اہتمام کیا گیا تھا لیکن اس سال ایران کے نوسو سے زیادہ شہروں کے روزہ دارعوام نے کورونا سے متعلق طبی ہدایات کی پابندی کرتے ہوئے شاندارریلیاں نکالیں اور صیہونی حکومت کے خلاف زبردست مظاہرے کئے ۔
ایرانی مظاہرین نے سڑکوں پر نکل کر صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے اور فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی سخت مذمت کی اورصیہونیوں کے چنگل سے فلسطین اور بیت المقدس کو آزاد کرانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
تہران میں عالمی یوم القدس کے موقع پرریلیوں اور مظاہروں کے ساتھ ہی استقامتی محاذ کے میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی ۔ اس نمائش میں جہاد اسلامی فلسطین کے قاسم میزائل ، تحریک حماس کے عیاش دوسوپچاس میزائل ، حزب اللہ لبنان کے فاتح ایک سو دس میزائل ، شامی فوج کے تشرین میزائل ، عراق کی نجبا تحریک کے جمال انہترمیزائل ، انصاراللہ یمن کے قدس دو میزائل اورسپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خیبرشکن اورعماد تین میزائلوں کو نمائش کے لئے رکھا گیا تھا ۔
ایران میں عالمی یوم القدس کی عظیم الشان ریلیوں اور یوم قدس کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کو عالمی میڈیا نے بھرپورکوریج دی ۔ دوسری جانب یہودی راہبوں نے عالمی یوم القدس کے موقع پرنیویارک میں فلسطین کا پرچم لہرایا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونیت مخالف تحریک ناتوری کارتا سے تعلق رکھنے والے یہودیوں نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کا اعلان کرتے ہیں اور فلسطینیوں کے خلاف ہرطرح کے جرائم کی بھرپورمذمت کرتے ہیں-
یہودیوں کی بین الاقوامی تنظیم ناتوری کارتا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ چوہتربرس سے فلسطینی عوام ناحق دربدرہیں ، ان پرمظالم ڈھائے جارہے ہیں انھیں قتل کیا جا رہا ہے اوران غیرقانونی اقدامات، غاصبانہ قبضے خاص طور سے غزہ پر بمباری ، مردوں عورتوں اور بچوں کا قتل عام ، صیہونی کالونیوں کی مسلسل توسیع ، فلسطینیوں کے گھروں کا انہدام اور بیت المقدس میں اشتعال انگیزاقدامات کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔
عالمی یوم القدس کے موقع پرنیویارک کے علاقے مین ہٹن کی سڑک پر ریلیاں نکالی گئیں جن میں بڑے پیمانے پرمسلمانوں، صیہونیت مخالف یہودیوں ، انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں اورسماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اوربینراٹھائے ہوئے تھے جن پرفلسطین اورمسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس نیزدیگرادیان الہی کی مقدس سرزمین کی آزادی کے مطالبات درج تھے۔