لکھنؤ(نامہ نگار)غازی پور علاقے میں چند روز قبل ہوئے ہوٹل مالک کلو سنگھ کے قتل کا راز فاش کرتے ہوئے پولیس نے اس کی دوسری بیوی اورہوٹل پارٹنر کو گرفتار کیا ہے۔ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ گوسائیں گنج کے نور پو بہٹہ گاؤں میں رہنے والے ہوٹل مالک کلو سنگھ کے قتل معاملہ میں تفتیش کے دوران اس کی پہلی بیوی راج کماری نے دوسری بیوی پنکی تیواری اور ہوٹل کے پارٹنر رنکو مشرا پر قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس نے تفتیش کے دوران دوشنبہ کو رنکو مشرا اور پنکی تیواری کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی توملزمان نے بتایا کہ گذشتہ ۸۱مارچ کو ان لوگوں نے کلو سنگھ کو کے ٹی ایل ورکشاپ کے نزدیک بات چیت کیلئے بلایا تھا۔ بات چیت کے دوران ہی ان لوگوں کا کلو سنگھ سے روپئے کے سلسلہ میں جھگڑا ہو گیا تھا۔ اسی بات پر ان دونوں نے ایک موزے سے کلو سنگھ کا گلا دبا کر قتل کر دیا اور لاش کو کے ٹی ایل کے نزدیک ایک زیر تعمیر مکان میں پھینک دیا تھا۔
ایس او غازی پور نوویندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ ملزمہ پنکی کاکوری کی رہنے والی ہے۔ جبکہ رنکو مشرا مڑیاؤں کا رہنے والا ہے۔ کلو سنگھ نے کچھ عرصہ قبل لاکھوں روپئے میں اپنی زمین فروخت کی تھی۔ اس کے بعد اس نے ایک لاکھ ۰۶ہزار روپئے لگا کر رنکو مشرا کے ساتھ جانکی پورم میں کھانے کا ہوٹل شروع کیا تھا۔ ہوٹل کھولنے کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا اور تب سے کلو سنگھ اپنے روپئے واپس مانگ رہا تھا۔ وہیں پنکی سے بھی کلو نے دوسری شادی کی تھی۔ کلو سنگھ دوسری بیوی پنکی کی بھی مالی طور سے کوئی مدد نہیں کرتا تھا۔ اسی بات پر پنکی اور رنکو نے مل کر اس کا قتل کر دیا۔