گورکھپور (نامہ نگار)کانگریس کے زون نمبر ۵کے جلسہ میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ تارا منڈل واقع زون دفتر میں جلسہ کا آغاز ہونے سے قبل ہی گورکھپور صدر اور بانس گاؤں کے امیدوار کی مخالفت کارکنان نے کی۔ریاستی کانگریس کے صدر مدھوسودن مستری کے پتلے کو کا رکنان نے نذرآتش کیا اور زونل انچارج کے خلاف نعرے لگائے۔جلسہ میں فریقین نے زبردست ہنگامہ کیا۔ موصولہ خبر کے مطابق زون نمبر۵کے تحت گورکھپور مہاراج گنج ، سلیم پور، دیوریا، مئو، بلیا اور اعظم گڑھ سمیت دس پارلیمانی حلقہ آتے ہیں۔دوپہر میں جلسہ کا انعقاد کیا جانا تھا لیکن اس سے قبل ہی امیدواروں کی مخالفت شروع ہوگئی۔ امیدواروں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ناراض کارکنان نے ریاستی صدر کے پتلے کو نذرآتش کیااور زون انچارج کے خلاف نعرے لگائے جبکہ ضلع کمیٹی کے عہدیداران جلسہ میں نہیں پہنچے۔ کانگریس کے ضلع صدر ڈاکٹر سید جمال تاخیر سے دفتر پہنچے ۔ جلسہ
کے دوران کئی مرتبہ کارکنان کی آپس میں تکرار ہوئی اور ان کے سامنے ہاتھاپائی کی نوبت تک آگئی۔جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے زون انچارج دگ وجے سنگھ نے کہا کہ ایسوسی ایشن وابستہ لوگ محنت اور ایمانداری سے پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں ایسوسی ایشن کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ غلط اعدادوشمار کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ زون کوآرڈینیٹر اجے کمار ودفتر انچارج ویریندر چودھری نے کہا کہ ہم لوگ عوام کے درمیان ترقی کے مدعے کو لے کر جائیں گے۔ جلسہ میں فیصلہ کیا گیا کہ زونل دفتر امیدوار اور ایسوسی ایشن کے درمیان رابطہ کا کام کرے گا۔پارٹی اور امیدواروں سے وابستہ کارروائی سے ریاستی ومرکزی قیادت کو روشناس کرایا جائے گا۔ جلسہ میں خاص طور پر اروند کمار پانڈے، پردیپ کمارپانڈے، ضلع صدر کشی نگرراجیش پانڈے،بسم اللہ لاری،ڈاکٹر پی این بھٹ ، پروشوتم نارائن پانڈے کے علاوہ وششٹ یادو ،تیج نارائن شریواستو، نرملاپاسوان ،راجیو اپادھیائے۔ مالتی مشرا اور اونیش کمار وغیرہ موجود تھے۔