کولمبو ؛سری لنکا کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر ملک میں 2روز کے دوران سیاسی حالات مستحکم نہ ہوئے تو معیشت ختم ہوجائے گی ۔ مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا کہ نئی حکومت نہ بننے کی صورت میں معیشت کی تباہی یقینی ہے۔
ادھر الیکشن کمیشن کے سربراہ نیمل پوچھیوا نے قبل از وقت انتخابات کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بدامنی کے پیش نظر انتخابات کرانے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سری لنکا کا اقتصادی بحران اب باقاعدہ سیاسی بحران کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ چند روز کے دوران رونما ہونے والے پر تشدد واقعات کے بعد کولمبو میں فوج اور بکتر بند گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔
بکتر بند گاڑیاں اور فوج کی بھاری نفری دارالحکومت کی سڑکوں پر تعینات ہے۔ فوجیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ تخریب کاروں کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے۔ ملک بھر میں کئی ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین وزیر اعظم اور صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ پیر کے روز حکومت کے حامیوں نے مظاہرین پر حملہ کر دیاتھا،
جس کے بعد وزیر اعظم مہندرا راجاپاکسے مستعفی ہو گئے۔ اپوزیشن صدر گوٹابایا راجاپاکسے سے بھی استعفامانگ رہی ہے اور اس نے متحدہ حکومت کے قیام کی پیشکش بھی مسترد کر دی ہے۔ ملک بھر میں جاری فسادات کے دوران 8افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔