کانز، 20 مئی ؛فرانس میں 75 واں کانز فلم فیسٹیول 17 مئی سے شروع ہو چکا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑے ایونٹ میں شمار ہونے والے کانز میں ہر بار کی طرح اس بار بھی کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ اس دوران ہندوستان اور بنگلہ دیش کی مشترکہ پروڈکشن میں بنی فلم ’’مجیب: دی میکنگ آف دی نیشن‘‘ کا ٹریلر لانچ ہوا ہے ۔ یہ فلم بنگلہ دیش کے بابائے قوم شیخ مجیب الرحمان کی بائیوپک ہے۔
شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں ان دو جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو دکھایا گیا ہے۔ فلم بنانے میں تقریباً دو سال کا وقت لگا ہے۔
جمعرات کو فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر ہندوستان کے وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر اور ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب موجود تھے۔ اس دوران شری ٹھاکر نے کانز فلم مارکیٹ ’مارچے ڈو فلم
‘ میں انڈیا پویلین کا بھی افتتاح کیا۔
فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر مسٹر ٹھاکر نے کہا ’’یہ فلم شیخ مجیب الرحمن کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔‘‘ انہوں نے آگے کہا ’’جب دنیا کے ایک دوسرے حصے میں دونوں پڑوسی ممالک آپس میں لڑ رہے ہیں ، وہاں یہ ایک مثال ہے کہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کیسے برقرار رکھ کر چلیں‘‘۔ واضح رہے کہ انہوں نے یہاں روس ۔ یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی بات کہی۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا ’’ یہ فلم ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اٹوٹ دوستی کے رشتے کو بیان کرتی ہے، جو دنیا کے لیے امن کا ایک پیغام ہے‘‘۔
غور طلب بات یہ ہے کہ فلم میں مجیب الرحمان کا کردار بنگلہ دیش کے مقبول اداکار عارفین شو ونے ادا کیا ہے۔ شیخ مجیب الرحمن نے بنگلہ دیش کو پاکستان سے آزاد کرانے اور اسے ایک آزاد ملک بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ جب بنگلہ دیش پاکستان سے الگ ہونے کے بعد ایک آزاد ملک بنا تو مسٹر رحمان ہی 1972 میں ملک کے پہلے وزیر اعظم اور بعد میں ملک کے صدر بنے۔ تاہم 1975 میں انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔ ملک کی موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ ان کی بیٹی ہیں۔