اقوام متحدہ، 11 جون ؛ سترہ ممالک کو اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
جمعہ کو منتخب ہونے والے ان ممالک کی مدت کار تین سال ہوگی۔ ای سی او ایس او سی اقتصادی اور سماجی کاموں اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے لیے فنڈز کے لیے رابطہ کار ادارہ ہے۔
ان ممالک کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں موجود گی اور ووٹنگ کرنے والے رکن ممالک کی دو تہائی اکثریت کے ساتھ خفیہ ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا گیا تھا۔
جن ممالک کو ای سی او ایس او سی کے لیے منتخب کیا گیا ہے ان میں افریقی ممالک بوتسوانا، کیپ ورڈے، کیمرون، اکویٹوریل گنی، ایشیا پیسیفک ممالک سے چین، لاؤس، قطر،جنوبی کوریا، لاطینی امریکہ اور کیریبیائی ممالک سے برازیل، کولمبیا،کوسٹا ریکا، مغربی یورپی اور دیگر ممالک سے ڈنمارک ، یونان، نیوزی لینڈ،سویڈن، مشرقی یورپی ممالک سے سلوواکیہ اور سلووینیا شامل ہیں۔
ان ممالک کی مدت یکم جنوری 2023 سے شروع ہوگی اور تین سال تک رہے گی۔