فرزندرسولۖ، سلطان عرب و عجم حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام گیارہ ذی القعدہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے- امام رضا علیہ السلام کے علم کا اتنا شہرہ تھا کہ رضا کے ساتھ ساتھ آپ کو عالم آل محمد کے نام سے بھی شہرت حاصل تھی- آپ کا اسم گرامی علی اور کنیت ابوالحسن ہے۔
ایران: سلطان عرب و عجم حضرت امام رضا (ع) کی ولادت با سعادت کے موقع پر پورے اسلامی جمہوریہ ایران خاص طور سے مقدس شہروں مشہد و قم کی سڑکوں اور تمام مقدس و مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے آپ کے شیدائی محفل میلاد اور جشن کے پروگراموں میں شرکت کر رہے ہیں اور علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام رضا علیہ الصلوات و السلام کے فضائل بیان کر رہے ہیں۔
مشہد مقدس میں آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ الصلوات و السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے حرم رضوی نور و سرور اور جشن و خوشی میں ڈوبا ہوا ہے۔ ہر طرف جشن و سرور کا سماں ہے، حرم مبارک کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ چراغاں کیا گیا ہے، ہر طرف نور ہی نور اور خوشی ہی خوشی ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک خاص طور سے عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان، بحرین، یمن اور دیگر ملکوں کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے جشن و سرور کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں یکم ذی القعدہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت سے گیارہ ذی القعدہ حضرت امام رضاعلیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت تک کے ایام کو عشرہ کرامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔