نئی دہلی،19 جون (یواین آئی)تینوں افواج کی جانب سے آج یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگنی پتھ یوجنا کا مقصد افواج کو نوجوان اور زیادہ طاقت ور بنانا ہے اور اس یوجنا کو واپس نہیں لیا جائےگا اور اس کے خلاف پرتشدد مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو افواج میں بھرتی نہیں کیا جائےگا اگنی پتھ یوجنا کے خلاف ملک بھر میں ہورہے مشتعل اور پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پر تینوں افواج کے سربراہوں کی موجودگی میں اتوار کو ہوئی اہم میٹنگ کے بعد فوجی امور کے محکمے میں اڈیشنل سکریٹری لیفٹننٹ جنرل انل پوری اور تینوں افواج کے سینئر افسروں نے ایک پریس کانفرنس میں یہ معلومات دی۔
لیفٹننٹ جنرل پور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگنی پتھ یوجنا غیر ملکوں میں جاری مختلف ماڈلوں کا مطالعہ کرنے کے بعد لائی گئی ہے اور ہندوستان میں اس طرح کی یوجنا کے بارے میں سب سے پہلے سال 1989 میں بات چیت شروع ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے اس طرح کی یوجنا شروع کرنے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے لیکن اس میں اب جا کر کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر پچھلے دو سالوں سے جوانوں کی بھرتی نہیں کی جاسکی تھی اور اسے اتفاق کہیں یا کچھ اور لیکن اس دوران دو سال تک اس یوجنا پر خوب ماتھاپچی کی گئی اور اس کے بعد اگنی پتھ یوجنا شروع کی گئی۔اس کا بنیادی مقصد افواج کو نوجوان اور زیادہ طاقت ور اور تکنیک اور ٹیکنولوجی سے لیس بنانا ہے۔ملک کا دفاع مضبوط کرنے کےلئے یہ اقدام کرنا بہت ضروری ہے۔