سری نگر،6 جولائی (یو این آئی) پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ہادی گام علاقے میں بدھ کی علی الصبح چھڑنے والی ایک تصادم آرائی کے دوران دو مقامی جنگجوؤں نے سرنڈر کیا۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: ’کولگام کے ہادی گام علاقے میں انکاؤنٹر کے دوران دو مقامی جنگجوؤں نے اپنے والدین کی اپیل پر سرنڈر کیا‘۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ سرنڈر کرنے والے جنگجوؤں کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔
ایک پولیس عہدیدار کے مطابق مذکورہ جنگجوؤں نے حال ہی میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔
قبل ازیں پولیس نے کہا کہ کولگام کے ہادی گام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم چھڑ گیا ہے۔