چانگ وون، 20 اگست (یو این آئی) ٹوکیو پیرالمپکس کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے نشانے باز سنہراج ادھانا اور سدھارتھ بابو نے ہفتہ کو چانگون پیرا شوٹنگ ورلڈ کپ 2022 میں اپنے اپنے مقابلوں میں کانسے کے تمغے جیتے۔
سنگھراج نے پی4 مکسڈ 50 میٹر پسٹل ایس ایچ 1 ایونٹ کے فائنل میں 189.5 کے اسکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ منگولیا کے گنزوریگ گنجرگل (212.1) نے طلائی تمغہ جیتا جبکہ کوریا کے چل پارک (211.3) نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
اس سے قبل سنگھراج نے 536 کے اسکور کے ساتھ کوالیفکیشن میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔ ان کے ہم وطن راہل جاکھڑ (511) اور دیپیندر سنگھ (494) بالترتیب نویں اور 14ویں نمبر پر رہے۔
دوسری طرف سدھارتھ بابو نے آر3 مکسڈ 10میٹر ائر رائفل پرون ایس ایچ1 ایونٹ میں 230.8 کے اسکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔
سدھارتھ کوالیفکیشن راؤنڈ میں 628.2 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر تھے لیکن فائنل میں بہتر کارکردگی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
فرانس کے جین لوئس میکاؤڈ نے 252.8 پوائنٹس کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا اور کوریا کے جینہو پارک (252.5) دوسرے نمبر پر رہے۔
دریں اثنا، راہل جاکھڑ، سنگھراج ادھانا اور دیپیندر سنگھ کی ٹیم نے پی4 مکسڈ ٹیم 50میٹر پسٹل ایس ایچ1 میں چاندی کا تمغہ جیتا۔
اس سے پہلے راہل اور ان کی ہم وطن پوجا اگروال نے جمعرات کو پی3 مکسڈ 25میٹر پسٹل ایس ایچ 1 میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا، جب کہ ٹوکیو پیرا اولمپک چمپئن اوانی لیکھارا نے ایس ایچ1 10 میٹر ایئر رائفل میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
ہندوستان نےچانگون 2022 میں اب تک پانچ تمغے جیتے ہیں جن میں ایک طلائی، دو چاندی اور دو کانسے کے تمغے شامل ہیں۔