اسلام آباد 22 اگست (یو این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے پارٹی سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر ملک گیر احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔
پاکستان کے اخبار ڈان کی خبر کے مطابق، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے خبردار کیا ہے کہ ان کے رہنما ایک ‘ریڈ لائن’ ہوں گے۔ اس دوران تیزی سے ٹرینڈ ہوئے ٹویٹر پوسٹ نے بھی لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی جس میں کہا گیا کہ ’عمران خان ہماری ریڈ لائن۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے لوگوں سے اپنے اپنے شہروں میں مختلف مقامات پر جمع ہونے کے لئے کہا۔ پارٹی رہنما حماد اظہر نے لاہور کے لبرٹی چوک اور فاروق حبیب نے فیصل آباد میں سمندری روڈ پر اجتماع کی کال دی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد پر قبضہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے پولیس کوسیاسی جنگ کا حصہ نہ بننے کی وارننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ہم اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے۔ میرا پولیس کو پیغام ہے کہ وہ اب اس سیاسی جنگ کا حصہ نہ بنیں۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر خان کے خلاف سنیچر کوان کی اسلام آباد کی ریلی میں عدلیہ، پولیس اور دیگر ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں اتوار کو دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔