ممبئی، 23 اگست (یو این آئی) ہندوستانی مرد کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڈ ایشیا کپ 2022 کے لئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے سے قبل معمول کے ٹیسٹ میں کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ کوچ دراوڈ اس وقت میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ وہ کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیم میں شامل ہوں گے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑی منگل 23 اگست کو متحدہ عرب امارات میں جمع ہوں گے۔
بی سی سی آئی نے دراوڈ کی غیر موجودگی میں کسی عارضی ہیڈ کوچ کا اعلان نہیں کیا ہے، حالانکہ توقع ہے کہ لکشمن اس دوران ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ لکشمن نے پیر کو ختم ہونے والے زمبابوے کے دورے پر بھی ہندوستانی ٹیم کے کوچ کا کردار ادا کیا تھا۔ اس سے قبل وہ آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی ٹی20 سیریز میں بھی ہندوستان کی قیادت کر چکے ہیں۔
ایشیا کپ میں ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 28 اگست کو پاکستان کے خلاف کرے گا۔