نئی دہلی، 23 اگست (یو این آئی) دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن ‘گوگل’ نے ‘ہندوستان کی ماہر موسمیات خاتون’ انا مانی کو ان کی 104 ویں یوم پیدائش پر خصوصی ڈوڈل وقف کیا۔ ماہر طبیعیات اور ماہر موسمیات انا منی کو ‘میٹیرولوجیکل لیڈی آف انڈیا’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
گوگل نے منگل کو اپنے ڈوڈل میں کیرالہ میں 1918 میں ایک شامی عیسائی خاندان میں پیدا ہونے والے عظیم ماہر موسمیات کو وقف کیا، ان کو فطرت کے خوبصورت مناظر والی کتابوں کے درمیان تحقیق میں مصروف دکھایا۔ تصویروں میں رنگوں کی آمیزش کافی پرکشش ہے۔
محترمہ انا نے فزکس اور میٹرولوجی کے شعبہ میں بہت سے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی تحقیق نے ہندوستان کے لیے موسم کی درست پیشین گوئیاں کرنا اور قوم کے لیے قابل تجدید توانائی کے استعمال کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے ماہر طبیعیات اور پروفیسر سی وی رمن کے جونیئر کے طور پر بھی کام کیا۔ پروفیسر رمن اس وقت یاقوت اور ہیروں کی نظری خصوصیات پر تحقیق کر رہے تھے۔
محترمہ مانی نے سال 1939 میں پی پچائیپا کالج، چنئی سے فزکس اور کیمسٹری میں بی ایس سی آنرز میں گریجویشن کیا۔ ان کے پانچ تحقیقی مقالے شائع ہوئے۔ اس کے بعد وہ فزکس میں گریجویشن کرنے کے لیے 1945 میں لندن چلی گئیں۔ وہاں امپیریل کالج سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 1948 میں لندن سے واپس آنے کے بعد پونے میں ہندوستان کے محکمہ موسمیات میں شمولیت اختیار کی۔ وہ وہاں موسمیاتی آلات کے انتظامات کو سنبھالنے کے ذمہ دار تھیں۔
محترمہ مانی بعد میں ہندوستان کے محکمہ موسمیات کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بنیں اور اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی تنظیم میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہیں۔ انہیں سال 1987 میں سائنس میں شاندار شراکت کے لیے آئی این ایس کے آر رامناتھن میڈل سے نوازا گیا۔