ایشیا کپ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر مسلسل دوسرا میچ میں کامیابی حاصل کرلی، اس طرح افغانستان کی پہلی ٹیم ہے جو سپر فور میں پہنچ گئی ہے۔
شارجہ میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو جیتنے کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی جانب سے اسپنرز نے بہترین باؤلنگ کروائی، راشد خان نے 4 اورز میں 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آف اسپنر مجیب الرحمٰن نے بھی مقررہ 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہیں شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، اور پہلی وکٹ صرف 7 رنز پر گر گئی جب محمد نعیم 8 گیندوں پر 6 رنز بنا کر مجیب الرحمٰن کا شکار بنے۔
بنگلہ دیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، اور 10.3 اوورز میں آدھی ٹیم صرف 53 رنز بنا کر پولین لوٹ گئی۔