امیٹھی:20ستمبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع امیٹھی میں دو معصوم بچوں اور ان کی ماں کی مشتبہ حالات میں لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بچوں کا گلا ریت کر قتل کیا گیا ہے جبکہ ماں کی لاش پھانسی کے پھندے پر لٹکی ہوئی ملی ہے۔
پولیس کے مطابق ضلع میں شیورت گنج تھانہ علاقے کے ککہا رام پور میں ایک گھر کے اندر ماں بچوں سمیت تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ دونوں بچوں کا گلاریت کر قتل کیا گیا ہے۔ وہیں ماں کی لاش پھانسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ دو سال کا بیٹا اور چار سال کی بیٹی کا گلا ریت کر قتل کیا گا ہے۔ وہیں ماں کی لاش پھانسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔ ان تینوں کے علاوہ متوفیہ کی ساس ہی گھر میں رہتی ہے۔ واقعہ کے دن ماں اپنے بچوں کے ساتھ کھانا کھا کہ لیٹ گئی۔ وہیں متوفیہ کی ساس گھر کے باہر سوئی ہوئی تھی۔جب صبح دروازہ نہیں کھلا اور بچوں کی آواز بھی نہیں سنائی دی تو بزرگ ساس کو شبہ ہوا۔
انہوں نے پڑوسیوں کو بلا کر دروازہ کھلوانے کی کوشش کی لیکن دروازہ نہیں کھلا ۔پڑوسیوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے جب دروازہ توڑ کر کھولا تو بچے برہنہ حالت میں مردہ پڑے تھے وہیں پاس ہی ماں کی لاش ساڑی کے پھندے سے لٹکی ہوئی تھی۔متوفیہ کا شوہر لکھنؤ میں مزدوری کرتا ہے۔ واردات سے دو دن پہلے وہ گھر آیا تھا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس الامران جی نے بتایا کہ شیورتن تھانہ علاقے کے ایک گاؤں میں تین لاشیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔