نئی دہلی: دہلی کے شراب گھوٹالہ میں منگل کے روز وجے نائر کی گرفتاری کے بعد ای ڈی نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دوسرے ملزم سمیر مہندرو کو گرفتار کیا ہے۔
سمیر مہندرو ’انڈو اسپرٹ‘ کے ایم ڈی (منیجنگ ڈائریکٹر) ہیں اور حال ہی میں ای ڈی نے دہلی میں سمیر مہندرو کی رہائش گاہ اور دفتر پر چھاپہ مارا تھا۔
اس سے پہلے منگل کو سی بی آئی نے تاجر وجے نائر کو گرفتار کیا تھا۔ انٹرٹینمنٹ اور ایونٹ منیجمنٹ فرم ’اونلی مچ لاؤڈر‘ کے سابق ’سی ای او‘ اور شراب گھوٹالے کے اہم ملزمان میں سے ایک وجے نائر لندن گئے ہوئے تھے۔ جب وہ تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے دہلی واپس آئے تو سی بی آئی نے انھیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد ایجنسی نے انہیں گرفتار کر لیا۔ نائر دہلی کے ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا کے قریبی بتائے جاتے ہیں۔
سی بی آئی نے الزام لگایا ہے کہ وجے نائر سال 2021-22 کے لیے ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں بے ضابطگیوں میں سرگرم عمل تھے۔ نائر مبینہ طور پر عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رضاکار تھے اور پارٹی لیڈروں کی تقریبات کا اہتمام کرتے تھے۔
وجے نائر کی جانب سے انڈواسپریٹ کے ڈائریکٹر سمیر مہندرو نے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے معاون ارجن پانڈے کو مبینہ طور پر تقریباً 2 سے 4 کروڑ روپے تک ادا کیے تھے۔ الزام ہے کہ حیدرآباد کے کوکاپیٹ کے رہنے والے ارون رام چندر پلائی مہندرو سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم سرکاری ملازمین کو نائر کے ذریعے رقم منتقل کرتے تھے۔