ممبئی: رومانٹک فلموں کے سپرہٹ پروڈیوسر ڈائریکٹر یش چوپڑا سری نگر کے خوبصورت موسم میں امیتابھ بچن کے ساتھ بیٹھے اپنی فلم سلسلہ کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے تھے، جس میں دو ہیروئن تھیں اسمتا پاٹل اور پروین بانو۔ فلم کی شوٹنگ بس اگلے کچھ دنوں میں شروع ہونے والی تھی۔
اچانک امیتابھ بچن نے یش چوپڑا سے پوچھا کہ کیا وہ فلم کی کاسٹنگ سے خوش ہیں؟ یش چوپڑا نے پہلے تو کوئی جواب نہیں دیا، لیکن امیتابھ بچن نے زور دیا کہ ہچکچائیے نہیں، صاف صاف بتائیے۔ یش چوپڑا نے دھیرے سے ڈرتے ڈرتے کہا، ‘دراصل میں آپ کے ساتھ جیا جی اور ریکھا کو لینا چاہتا تھا’۔ امیتابھ بچن نے لمبی خاموشی کے بعد کہا کہ انہیں اس سے کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن آپ ریکھا اور جیا کو راضی کرلیجئے۔ یش چوپڑا نے 2012 میں شاہ رخ خان کو دیئے ایک انٹرویو میں اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں تو جیسے منہ مانگی مراد مل گئی۔ یش چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے خواب میں ہی نہیں سوچا تھا کہ امیتابھ بچن کے ساتھ جیا اور ریکھا ایک ساتھ کام کریں گی، وہ بھی ایسی فلم میں جو ان تینوں کی ریئل لائف اسٹوری سے بہت میل کھاتی ہو!
یش راج کی خوشی فطری تھی کیونکہ ان دنوں امیتابھ بچن اور ریکھا کے معاشقہ (پریم کہانی) کی بحث زوروں پر تھی۔ امیتابھ بچن ملک کے سب سے بڑے سپر اسٹار تھے اور جیا بچن کے ساتھ شادی شدہ۔ ان دنوں فلم میگزین اور اخباروں میں ریکھا اور ان کی محبت کے چرچے چھائے ہوئے تھے۔ اس طرح یش چوپڑا کو ڈریم (خواب) کاسٹنگ ملی شاید اس لئے اس فلم میں گانا رکھا گیا ‘دیکھا ایک خواب تو یہ سلسلسے ہوئے.’۔
یش چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے خواب میں ہی نہیں سوچا تھا کہ امیتابھ بچن کے ساتھ جیا اور ریکھا ایک ساتھ کام کریں گی۔