اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کا انتقال ہو گیا ہے۔ انہوں نے آج 10 اکتوبر صبح 8:16 بجے گروگرام کے میڈانتا اسپتال میں 82 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔
ملائم سنگھ کی موت کے بعد سماج وادی خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ملائم سنگھ یادو کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ میرے قابل احترام والد اور سب کے لیڈر اب نہیں رہے۔
55 سال سے زیادہ سیاست میں سرگرم رہنے والے ملائم سنگھ یادو 22 نومبر 1939 کو اٹاوہ ضلع کے سیفئی میں پیدا ہوئے۔ وہ 1967 میں یوپی کے جسونت نگر سے ایم ایل اے منتخب ہونے کے بعد پہلی بار اسمبلی پہنچے اور پھر انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ آٹھ بار ایم ایل اے منتخب ہوئے تو وہیں سات بار لوک سبھا ممبر بنے۔
1977 میں وہ جنتا پارٹی سے پہلی بار یوپی کے وزیر بنے، جب کہ 1989 میں وہ پہلی بار یوپی کے سی ایم بنے۔ اس کے بعد 1993 اور پھر 2003 میں دوسری اور تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ ملائم سنگھ یادو نے 1992 میں سماج وادی پارٹی کی بنیاد رکھی اور 1993 میں بی ایس پی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی۔