کیلیفورنیا: امریکا میں ایک خاتون کو ان کی گمشدہ بلی بالآخر 9 برس بعد مل گئی۔ریاست کیلیفورنیا کے شہر کلووِس سے تعلق رکھنے والی خاتون سوزین مُور اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں ریاست آئیڈاہو سے ان کی کھوئی ہوئی بلی کے متعلق کال موصول ہوئی۔ سوزین کا کہنا تھا کہ 9 سال قبل کھونے والی بلی کے متعلق ان کا اور ان کے شوہر کا خیال تھا کہ اس کو کسی بھیڑے نے مار دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلی کی گمشدگی سے وہ بہت پریشان ہوگئیں تھیں۔ لیکن آئیڈاہو کے شہر ہیڈن سے 19 ستمبر کو موصول ہونے والی فون کال نے انہیں حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ کال کرنے والے کا کہنا تھا کہ ہیریئٹ(بلی کا نام) ہیڈن شہر کی گلیوں میں بھٹکتی پائی گئی۔ بلی میں لگی مائیکروچِپ سے سوزین کے رابطے کی معلومات ملیں۔
سوزین کا کہنا تھا کہ کاش بلی بات کرسکتی ہوتی، انہیں یہ جاننا ہے کہ بلی آئیڈاہو پہنچی کیسے۔