متحدہ عرب امارات کے باؤلر کارتھ میاپن نے ٹی20 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں متحدہ عرب امارات نے تاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ میں سری لنکا نے ایک موقع پر 14 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 114رنز بنائے تھے لیکن اننگز کے 15ویں اوور میں اسپنر کارتھک میاپن نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
انہوں نے 15ویں اوور کی چوتھی گیند پر بھنوکا راجا پکسے کو آؤٹ کیا اور پھر اس کے بعد اگلی ہی گیند پر چاتھ اسالانکا کو بھی چلتا کردیا۔
15ویں اوور کی آخری گیند پر میاپن نے داسن شناکا کو آؤٹ کر کے ٹی20 ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔
میاپن نے چار اوورز کے کوٹے میں 19 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔
وہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے مجموعی طور پر پانچویں کھلاڑی ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں سب سے پہلی ہیٹ ٹرک 2007 کے افتتاحی ایڈیشن میں آسٹریلیا کے بریٹ لی نے بنگلہ دیش کے خلاف کی تھی لیکن اس کے بعد اگلے 14سال تک مزید کوئی کھلاڑی یہ اعزاز حاصل نہ کر سکا۔
2021 کا عالمی ایونٹ اس لحاظ سے یادگار رہا اس میں تین کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے کرٹس کیمفر، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا تھا۔