گاندھی نگر: گجرات کے موربی میں اتوار کی شب مچھو ندی پر بنا کیبل برج اچانک ٹوٹ کر گیا، جس کے سبب سینکڑوں افراد ندی کے پانی میں جا گرے۔ اس حادثہ میں تاحال 141 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہلاک شدگان میں 40 بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ کے وقت پل پر 400 سے زیادہ لوگ موجود تھے۔ یہ سبھی لوگ چھٹی منانے کے لئے برج پر گھومنے کے لئے آئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق راحت اور بچاؤ کے لئے فوج، بحریہ، فضائیہ، این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں مصروف ہیں۔ تاحال 177 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ حادثہ میں راجکوٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ موہن بھائی کلیان جی کنداریا کے 12 رشتہ داروں کی بھی موت ہو گئی ہے۔
صدر، وزیر اعظم، کانگریس صدر اور راہل گاندھی سمیت مختلف لیڈران نے نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کے لیے پی ایم این آر ایف (پرائم منسٹر نیشنل ریلیف فنڈ) سے دو دو لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم کا اعلان کیا ہے۔
وہیں، اس حادثے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی آئی اے ایس راج کمار بینی وال کی صدارت میں حادثے کی تحقیقات کرے گی۔ حادثے کے بعد گجرات حکومت نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے۔ حادثے سے متعلق معلومات کے لیے 02822243300 نمبر پر کال کر کے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
موربی میں گرنے والا کیبل پل تقریباً ایک صدی پرانا تھا۔ اس پل کو مرمت کے 4 دن بعد 26 اکتوبر کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ تاہم 24 گھنٹے پہلے کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں یہ پل ہلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔