نئی دہلی: ملک میں فضائی آلودگی کی سطح میں بہت زیادہ بہتری نظر نہیں آ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ درریں اثنا، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بہار کا کٹیہار ملک کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں سر فہرست ہے۔
وہیں، ملک کی راجدھانی دہلی انتہائی خراب اے کیو آئی کے ساتھ ایئر کوالٹی انڈیکس میں دوسرے مقام پر ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار میں 163 مختلف شہروں کی آلودگی کی سطح کی پیمائش کی ہے۔ اس کے مطابق بہار کے کٹیہار میں 7 نومبر کو 163 ہندوستانی شہروں میں سب سے زیادہ اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) 360 تھا۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ دوسرے مقام پر دہلی کا اے کیو آئی 354 تھا۔ جبکہ این سی آر میں نوئیڈا کا اے کیو آئی 328 اور غازی آباد کا اے کیو آئی 304 تھا۔









