نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت والی حکومت اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں بولنے نہیں دیتی اور عوام کی آواز کو دبانے کا کام کرتی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب بھی پارلیمنٹ میں عوامی مسائل اٹھائے جاتے ہیں تو حکومت اپوزیشن کو بولنے نہیں دیتی اور مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری، مہنگائی، چین کی دراندازی جیسے جوبھی معاملے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے جاتے ہیں تو مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم مودی سے سیدھا سوال پوچھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی آواز کو اس طرح دبانے کی کوشش کرنا تکبر ہے اورعوام اس تکبرکو ضرور توڑیں گے، اس لئے وزیر اعظم مودی کو عوام کی آواز سننی چاہئے۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ”چین – مائیک آف، افراط زر – مائیک آف، نوٹ بندی – مائیک آف، اگنی پتھ – مائیک آف، بے روزگاری- مائیک آف، ایسی کردی ہے ہماری پارلیمنٹ کی حالت۔ وزیراعظم جی، غور سے سن لو- آپ عوام کی آوازنہیں دباسکتے، اس کی گونج آپ کے غرور کو توڑ دے گی۔”