گجرات الیکشن: وزیراعظم مودی نے کی ووٹروں سے پرجوش انداز میں ووٹ ڈالنے کی اپیل
وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کیا ’’آج گجرات میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہے۔ میں تمام ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں، خاص طور پر پہلی بار ووٹ دینے والوں سے کہ وہ ریکارڈ تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں‘‘۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ ووٹروں سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔ گجرات میں ووٹنگ آج صبح 8 بجے سے شروع ہوئی اور شام 5.30 بجے تک جاری رہے گی۔ سوراشٹرا، کچھ اور گجرات کے جنوبی حصوں کے 19 اضلاع میں پھیلے 89 اسمبلی حلقوں میں پہلے مرحلے کی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کیا ’’آج گجرات میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہے۔ میں تمام ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں، خاص طور پر پہلی بار ووٹ دینے والوں سے کہ وہ ریکارڈ تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں‘‘۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاست میں مسلسل ساتویں مرتبہ ریکارڈ بنانے کی امید کر رہی ہے۔ ریاست میں روایتی طور پر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان مقابلہ رہا ہے، لیکن اس بار اروند کیجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے داخلے سے مقابلہ سہ رخی ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تیونس فرانس سے جیت کر بھی باہر اور پولینڈ ہار کر بھی اندر
ریاست میں پہلے مرحلے کی پولنگ میں تقریباً 2.39 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ریاست کے 19 اضلاع میں پہلے مرحلے کی پولنگ میں 89 سیٹوں کے لیے کل 788 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان امیدواروں میں 70 خواتین اور 339 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ گجرات میں دوسرے مرحلے کی پولنگ 5 دسمبر کو ہوگی۔ انتخابی نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو ہماچل پردیش کے ساتھ کیا جائے گا۔