باغپت(بھاشا)بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیر اعظم کے امیدوار نریندر مودی نے آج ان کے نظریہ سے متاثر ایک معذور نوجوان کو اسٹیج پر بلاکر اس سے ملاقات کی۔مودی آج باغپت میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرنے پہنچے تبھی ان کی نظر اسٹیج کے نیچے بیٹھے برجیندر نامی ۲۱سالہ معذور نوجوان پر پڑی۔
مودی نے جلسہ کے منتظمین کے ذریعہ اس نوجوان کو اپنے پاس بلایا اور اسٹیج پر رکھی کرسی پر بیٹھایا۔ سوائی گاؤں کا رہنے والا برجیندر مودی کے پیروں پر گرگیا۔انہوں نے اس کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اٹھاکر سینے سے لگالیا۔ برجیندر نے باندہ میں نامہ نگاروں کے ذریعہ پوچھے جانے پر کہا کہ وہ مودی کے خیالات کو اخباروں میں پڑھ کر ان سے بہت متاثر ہے اور باغپت میں ان کی ریلی کی اطلاع ملنے پروہ ان سے ملاقات کرنے آیا تھا۔