دبئی سٹی: دبئی میں دنیا کا پہلا سپرماڈل روبوٹ کیفے اگلے سال کھولا جائے گا جہاں گاہکوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے ایک سپرماڈل کا روبوٹ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ خاتون روبوٹ ہوبہو ڈیانا گیبڈیولینا کی جیسی لگتی ہیں جو مشرقی یورپ کی مشہور ماڈل ہیں۔ تاہم ڈیانا کی روبوٹ جڑواں کو کیشیئر کے طور پر بٹھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ روبوٹ خاتون گاہکوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان سے بات کریں گی اور ایک مرتبہ تعارف ہونے کے بعد وہ ان کے نام اور شکلیں بھی یاد رکھیں گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس ریستوران کا نام ڈونا سائبر کیفے رکھا گیا ہےجس میں انسانی قد کے برابر خاتون روبوٹ ہوں گی اور وہ سپرماڈل کی نقل کے طور پر بنائی گئی ہے۔ آرڈی آئی نامی کمپنی کی تیارکردہ روبوٹ کی آنکھیں حقیقت سے قریب بنائی گئی ہیں اور چہرے پر سلیکن کی جلد منڈھی گئی ہے۔
روبوٹ کا الگورتھم انسانی جذبات اور احساسات کو بھی پڑھ سکے گا لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس ریستوران میں کونسی اشیائے خوردونوش پیش کی جائیں گی۔ تاہم روبوٹ کو حقیقت سے کچھ اس طرح قریب بنایا گیا ہے کہ وہ بالکل انسانوں کی مانند دوسروں سے گفتگو کرتی ہے۔