شکایت کنندہ نے پرگیہ ٹھاکر پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے لوگوں (ہندوؤں) سے اپیل کی تھی کہ ’لو جہاد‘ کرنے والوں کو انہی کے انداز میں کرارا جواب دیں۔
بنگلورو: بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف ان کے حالیہ دورہ کرناٹک کے دوران اقلیتی برادری کے خلاف ‘توہین آمیز’ بیان دینے کے سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ پولیس نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ وینچر کیپیٹلسٹ اور سیاسی تجزیہ کار تحسین پونا والا نے سوشل میڈیا کے ذریعے شیموگا ایس پی جی کے متھن کو شکایت کی ایک کاپی بھیجی ہے۔ شکایت کی ایک کاپی وزیر اعلی بسواراج بومئی کو بھی بھیجی گئی ہے۔
مدھیہ پردیش کی ایم پی پرگیہ ٹھاکر نے اتوار کو شیموگا شہر میں منعقدہ ’ہندو جاگرن ویدیکے‘ کے سالانہ کنونشن میں شرکت کی تھی۔ وہ بجرنگ دل کے کارکن ہرشا کے گھر بھی گئی، الزام ہے کہ اسے حجاب کے خلاف مہم چلانے کی بنا پر قتل کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ نے پرگیہ ٹھاکر پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے تقریب میں تقریر کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے خلاف انتہائی ‘توہین آمیز’ بیان بازی کی۔ پرگیہ نے لوگوں (ہندوؤں) سے اپیل کی تھی کہ ’لو جہاد‘ کرنے والوں کو انہی کے انداز میں کرارا جواب دیں۔