لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر شیو پال سنگھ یادو نے اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں شہری باڈی انتخابات میں دیگر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دینے کے لیے جو کمیشن تشکیل دیا گیا، اسے ڈھائی سال پہلے تشکیل دینا چاہیے تھا۔
سابق وزیر اور ایس پی لیڈر یادو نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا، “سماج وادیوں نے پہلے ریزرویشن حاصل کرنے کے لئے لڑائی لڑی اور اب انہیں ریزرویشن بچانے کے لئے لڑنا پڑے گا۔ اب جدوجہد سڑکوں پر جائے گی۔ ‘انہوں نے کہا کہ حکومت کو کمیشن بنا کر وقت پر ریزرویشن نافذ کرنا چاہیے تھا اور وقت پر الیکشن کروانا چاہیے تھا، لیکن حکومت پسماندہ طبقات کا ریزرویشن ختم کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس حکومت نے پسماندہ طبقات اور پھر دلتوں کے ریزرویشن کو ختم کرنے کی سازش کی ہے۔