لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ نے کہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد ملک میں تیسرے محاذ کی حکومت یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حالت بہت خراب ہے بی جے پی مرکز میں حکومت نہیں بنا سکے گی اس لئے عوام کی نگاہیں اترپردیش اور سماج وادی پارٹی پر مرکوز ہیں۔ مسٹر یادو سماج وادی پارٹی دفتر پر درجہ یافتہ ورزائے مملکت کے جلسہ کو خطاب کررہے تھے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ پارٹی کے تمام کارکنان اور لیڈر اپنے حلقوں میں رہتے ہوئے پو
ری محنت سے پارلیمانی امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے عوام سے رابطہ کریں گے اور حکومت کے ذریعہ کئے گئے کاموں کی معلومات دیں گے۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے کہا کہ پارٹی کی حکومت نے دو سال کے مدت کار میں انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ عوام میں سماج وادی پارٹی حکومت کی مقبولیت میں اضافہ ہواہے۔ عوام سماج وادی پارٹی حکومت کے ساتھ ہیں۔
مسٹر یادو نے وزراء سے کہا کہ وہ عوام کے درمیان جائیں اور براہ راست ان سے ملاقات کر کے حکومت کے ذریعہ دو برسوں میں کرائے گئے کاموں کی معلومات دیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو موجود تھے۔