دہلی اسمبلی کا تین روزہ سرمائی اجلاس پیر کے روز ہنگامہ کے بعد ملتوی ہو گیا۔ اس کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ٹیچرس ٹریننگ کے ایشو پر اپنے اراکین اسمبلی کے ساتھ ہاتھوں میں تختیاں لے کر ایل جی ہاؤس کے لیے روانہ ہو گئے۔
وزیر اعلیٰ کیجریوال اور عآپ اراکین اسمبلی نے ایل جی ہاؤس تک مارچ کیا۔ کیجریوال سمیت سبھی اراکین اسمبلی ہاتھوں میں تختیاں لیے نظر آئے، جن پر لکھا تھا ‘مسٹر ایل جی، ٹیچرس کو فنلینڈ جانے کی اجازت دیجیے’۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی میں اسمبلی کا سرمائی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ لیکن عآپ اور بی جے پی اراکین اسمبلی میں بحث اور ہنگامہ کے سبب ایوان کو منگل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس شروع ہوتے ہی ہنگامہ ہونے لگا۔ ایک طرف عام آدمی پارٹی نے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ فنلینڈ میں ٹیچرس ٹریننگ کو منظوری نہ دینے کا ایشو اٹھایا، تو وہیں دوسری طرف بی جے پی اراکین اسمبلی دہلی میں بڑھتی آلودگی کے خلاف آکسیجن سلنڈر لے کر ایوان میں پہنچ گئے۔ بڑھتے ہنگامہ کو دیکھ کر ایوان کی کارروائی منگل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
ایوان ملتوی ہونے کے بعد اروند کیجریوال عآپ اراکین اسمبلی کے ساتھ دہلی کے ٹیچرس ٹریننگ کے ایشو پر ایل جی ہاؤس کا گھیراؤ کرنے کے لیے اسمبلی سے ایل جی ہاؤس کی طرف روانہ ہو گئے۔ اروند کیجریوال کے ہاتھ میں بھی تختی تھی اور ان کے اراکین اسمبلی کے بھی ہاتھ میں تختیاں تھیں۔ کیجریوال اور ان کے اراکین اسمبلی کے ہاتھ میں جو تختیاں تھیں، ان پر لکھا تھا ‘ایل جی صاحب، ٹیچرس کو فنلینڈ جانے دو’۔ عآپ اراکین اسمبلی لگاتار ٹیچرس کی ٹریننگ معاملے پر نعرہ بھی لگا رہے تھے۔
کیجریوال اور ان کے ساتھی جب ایل جی کی رہائش کے پاس پہنچے، تو ایل جی دفتر نے ایک بیان جاری کیا۔ اس بیان میں کہا گیا کہ ”کوئی بھی بیان غلط فہمی پھیلانے والا اور شرارت سے متاثر ہے۔ حکومت کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ تجویز کا باریکی سے جائزہ لے اور ریکارڈ درج کرے۔” ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ ”طلبا کو فراہم کی جا رہی تعلیم کے معیار پر اثر کے ضمن میں فائدے کا جائزہ ضروری ہے تاکہ ماضی میں کیے گئے ٹیچرس کے مختلف بیرون ملکی ٹریننگ پروگراموں کے اثرات کا اندازہ کیا جا سکے۔”
دوسری طرف دہلی کے وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایل جی دہلی حکومت کے کام کو روک رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایل جی صاحب نے ہمارے بہت سارے کام روک دیئے ہیں، میری ایل جی صاحب سے اپیل ہے کہ وہ آئین کا احترام کریں۔