جموں : وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر اتوار کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل ایک بار پھر روک دی گئی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر دیول ادھم پور میں سڑک دھنس جانے سے ٹریفک کی نقل و حمل بند کردی گئی ہے ۔ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر پہلے سے ہی ٹریفک کی آمد و رفت بند ہے ۔قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف بازاروں میں اچانک اشیائے ضروریہ کی کمی پیدا ہوجاتی ہے تو دوسری طرف گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے ۔