کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور نیشنل کانگریس کمیٹی کی اپیل پر 26 جنوری سے ملک کی کئی ریاستوں میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات کی گئی۔
دہلی، اتر پردیش، بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ سمیت کئی ریاستوں میں الگ الگ مقامات پر ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم شروع ہو چکی ہے جو دو ماہ تک جاری رہنے والی ہے۔
ملک کی راجدھانی دہلی میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار کی قیادت میں ہوئی۔ ہزاروں کانگریس کارکنان نے 26 جنوری (یومِ جمہوریہ) کے پیش نظر قومی پرچم لہرایا اور سبھی 280 بلاکوں اور اضلاع میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم میں شرکت کی۔ اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’کانگریس کارکنان لوگوں کو مرکز میں مودی حکومت اور دہلی میں کیجریوال حکومت کی نااہلی، عوام مخالف پالیسیوں، تخریب کاری اور تباہ کاری والی سیاست سے روشناس کرائیں گے۔ غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور مالی بحران لوگوں کے سامنے ہے۔‘‘
اتر پردیش میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات کرتے ہوئے ریاستی کانگریس نے بی جے پی کے خلاف ’چارج شیٹ‘ جاری کی ہے۔ ریاستی صدر برج لال کھابری کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے 2014 سے آج تک جو بھی وعدے کیے ہیں، ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں کیا۔ اس لیے ہم نے اس کا نام ’بھارتیہ جملہ پارٹی‘ رکھا ہے۔ یوپی کانگریس صدر نے کہا کہ ’’ہم نے چارج شیٹ بنائی ہے جس میں بھارتیہ جملہ پارٹی کے کارناموں کا چٹھا ہے۔ چارج شیٹ لے کر ہم گاؤں گاؤں لوگوں کے درمیان جائیں گے۔‘‘
چھتیس گڑھ میں ریاست کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بستر ضلع کے جگدلپور شہر سے ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات کی۔ جگدلپور شہر کے دنتیشوری مندر سے انھوں نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو رَتھ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بگھیل نے دنتیشوری مندر کے سرکٹ ہاؤس تک تقریباً ایک کلومیٹر پیدل چل کر اس یاترا کی شروعات کی۔ اس پدیاترا میں ان کے ساتھ رکن پارلیمنٹ دیپک بیج، رکن اسمبلی ریکھ چند جین سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’راہل گاندھی نے ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور نفرت کے خلاف بھارت جوڑو یاترا شروع کی تھی۔ اسی کو آگے بڑھاتے ہوئے اب ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کی شروعات کی گئی ہے۔‘‘
مدھیہ پردیش میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات مدھیہ پردیش کانگریس صدر کملناتھ نے راجدھانی بھوپال کے مگالیا چھاپ گاؤں میں ہنومان جی کی پوجا کرتے ہوئے کی۔ اس دوران انھوں نے ریاست کی شیوراج حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کانگریس کی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم ریاست کی سبھی 230 اسمبلی سیٹوں پر بوتھ سطح تک چلے گی۔ اس میں بدعنوانی، مہنگائی اور بے روزگاری بڑا ایشو رہے گا۔ مہم کے دران کانگریس کا نئے ووٹر، خواتین، نوجوان، ایس سی-ایس ٹی اور قبائل طبقہ پر زیادہ توجہ رہے گی۔ کانگریس اس مہم کو مدھیہ پردیش میں رواں سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کی تشہیر کے آغاز کے طور پر بھی دیکھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ یاترا کے تحت کانگریس اپنے منصوبوں کو عوام تک پہنچانا چاہتی ہے۔ اس یاترا کے ذریعہ سے ہی کچھ ریاستوں میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے ذریعہ مختلف ریاستوں میں عوام کے درمیان جا کر کانگریس لیڈران مرکزی حکومت کی ناکامیاں بتائیں گے۔ کانگریس نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ گھر گھر پہنچ کر راہل گاندھی کا پیغام عام کیا جائے گا۔