لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بے گناہ مسلم نوجوانوں کو عدالت سے راحت دلانے والے وکیل کو دھمکی ملنے سے ناراض بہوجن مکتی پارٹی کے زیر اہتمام کارکنان نے ضلع صدر دفتر پر مظاہرہ کیا۔ مذکورہ اطلاع بہوجن مکتی پارٹی کے علاقائی صدر پرویندر پرتاپ سنگھ نے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈوکیٹ محمود پراچا بے گناہ مسلم نوجوانوں کو جیل میں بند کرنے کی مخالفت میں عدالت میں جدو جہد کر رہے ہیں اور بہت سے بے گناہ مسلم نوجوانوں کو سپریم کورٹ سے راحت دلانے میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے اس کا سب سے اہم ثبوت انہیں جرمن بیکری واقعہ کے ملزم بے قصور ثابت ہوئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں ایڈوکیٹ محمود پراچا کو جان سے مارنے کی دھمکی دی جا رہی ہے، اسی کی مخالفت میں آج بہوجن مکتی پارٹی نے ریاست کے تمام ضلع صدر دفاتر پر مظاہرہ کیا اور ریلیاں نکالیں۔