لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چوک کے پرکاش ٹاکیز کے باہر اتوار کو تیس سالہ ایک شخص کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولس نے شناخت کیلئے آس پاس کے لوگوں سے معلوم کیا لیکن کسی کواس کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔ پولس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ متوفی نشہ کا عادی تھا اور اسی علاقہ میں بھیک مانگ کر زندگی گزار رہا تھا۔ اس کے علاوہ موہن لال گنج کے کنکہا گاؤں کے قریب سنیچر کی رات ایک مسخ شدہ شخص کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ گاؤں کے لوگوں نے پولس کو اس کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچ کر پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔