متھرا: اتر پردیش کے متھرا ضلع میں دہلی کے کنجھولا جیسا واقعہ پیش آیا ہے۔ متھرا کے تھانہ مانٹ علاقے میں یمنا ایکسپریس وے پر کئی کلومیٹر تک ایک کار میں ایک لاش پھنسی ہوئی تھی۔ کار جب مونٹ ٹول پلازہ پر پہنچی تو ایکسپریس وے کے سیکورٹی اہلکاروں نے گاڑی کے نیچے پھنسی لاش کو دیکھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ کار میں پھنسی لاش کو تقریباً 11 کلومیٹر تک گھسیٹا گیا تھا۔ معلومات کے مطابق کار آگرہ سے نوئیڈا کی طرف جا رہی تھی۔
گاڑی دہلی کا رہائشی وریندر چلا رہا تھا، جس کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ گرفتار شخص نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ وہ پیر کی رات کو گہری دھند میں مشکل سے دیکھ سکتا تھا اور اسے اپنی گاڑی کے نیچے پھنسی ہوئی لاش کا علم نہیں تھا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریگن بسن نے کہا، “گزشتہ رات ایکسپریس وے پر گھنی دھند تھی، اس لیے حد نگاہ کم تھی، جس کی وجہ سے متاثرہ شخص کار کے نیچے آ گیا۔”
رپورٹ کے مطابق پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے اور راستے میں حفاظتی کیمروں کی جانچ کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کس کی موت واقع ہوئی ہے اور کس طرح۔ اس سے پہلے، یکم جنوری کی صبح دہلی کے کنجھاولا میں ایک کار انجلی سنگھ (20) کی اسکوٹی سے ٹکرائی تھی اور لڑکی کو تقریباً 12 کلومیٹر تک گھسیٹ کر لے گئی تھی۔ اس واقعے میں لڑکی کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس اس معاملے کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔