ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھمکی آمیز فون آنے کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں۔ ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور آنے جانے والوں کی جانچ میں سختی برتی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دھمکی آمیز فون پیر کی شب تقریباً 10 بجے آیا تھا اور فون کرنے والے نے اپنا نام عرفان احمد شیخ بتایا تھا۔ اس نے فون پر ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی دی اور کہا کہ اس کا تعلق انڈین مجاہدین تنظیم سے ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کر لیا ہے اور جانچ شروع ہو گئی ہے۔ دھمکی آمیز فون کرنے والے شخص کی تلاش جاری ہے اور سیکورٹی میں کسی بھی طرح کی لاپروائی نہ کیے جانے کی بات کہی جا رہی ہے۔
توجہ طلب بات یہ بھی ہے کہ پیر کی شام میں ہی مہاراشٹر کے ناگپور میں دو اسپتالوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس سلسلے میں دھمکی آمیز فون ناگپور پولیس اسٹیشن کنٹرول روم میں کیا گیا تھا۔ ابھی تک ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، حالانکہ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ممبئی کے اندھیری ایسٹ علاقے کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ داؤدی بوہرا طبقہ کے عربک اکیڈمی کا افتتاح کر سکتے ہیں۔ داؤدی بوہرا طبقہ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس سلسلے میں ٹوئٹ کیا گیا ہے کہ وہ سیدنا مفضل سیف الدین کے ساتھ اسٹیج شیئر کر سکتے ہیں۔
ممبئی دورہ پر پی ایم مودی ہندوستانی بحریہ کے ممبئی واقع کولابا میں موجود بیس پر بھی جا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم کے دورہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے شہر میں 10 فروری تک ڈرون یا کوئی دیگر فلائنگ سرگرمی کرنے پر روک لگا دی گئی ہے۔