بارہ بنکی (نامہ نگار)مسلم طبقہ کے ساتھ تمام طبقہ کے لوگوں کی سیاسی سماجی اور معاشی ترقی ہونی چاہئے تھی وہ نہیں ہوئی ہے اس کے لئے سب سے زیادہ ذمہ دار کانگریس حکومت ہے۔
مذکورہ باتیں دیویٰ شریف کے میلا میدان میں منعقدہ کارکنان کے اجلاس میں مہمان خصوصی بی ایس پی کے قوم
ی جنرل سکریٹری نسیم الدین صدیقی نے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست وکانگریس کی حکومتوں نے عوامی مفاد کی اسکیمیں شروع نہ کرکے سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کے مفاد میں اسکیمیں تیاری کیں۔جس کی وجہ سے ملک میں غریبی ،بے روزگاری، مساوی تعلیمی نظام نافذ نہ کرکے دلتوں،پسماندہ طبقوں اور اقلیتوں کو اعلیٰ تعلیم سے محروم رکھنے کے لئے دوہری تعلیمی پالیسی آج بھی ملک میں نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کو وقت سے کھاد ،بیج، پانی نہ ملنے اور قدرتی آفات سے متاثر کسانوں کو مناسب معاوضہ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔ جس کی وجہ سے ہرسال کسان خودکشی کررہے ہیں۔بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندرمودی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے غلطی سے بی جے پی امیدواروں کو کامیاب کردیا تو گودھرا کانڈجیسا قتل عام پورے ملک میں ذات اور مذہب کے نام پر شروع کردیا جائے گا اور فرقہ وارانہ فساداورووٹ کی سیاست کے ذریعہ خیرسگالی ماحول کو خراب کرنے کا کام دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مظفر نگر فساد سماجوادی پارٹی بی جے پی اور کانگریس کی سازش کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے اقتدار میں لوٹ، ڈکیتی، قتل اور آبروریزی کی وارداتوں سے ریاست کے عوام پریشان ہیں۔