ہاپوڑ (نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کانگریس، بی جے پی و بی ایس پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ بی ایس پی حکومت اور مرکزی حکومت نے بدعنوانی کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بی ایس پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے عوام کا پیسہ پارکوں اور مجسموں پر خرچ کردیا ہے جبکہ سماجوادی پارٹی کی حکومت عوام کا پیسہ مختلف اسکیموں کے ذریعہ عوام کوواپس کررہی ہے۔ گزشتہ دوبرسوں کے اقتدار میں حکومت نے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ مسٹر یادو آج میرٹھ ہاپوڑ پارلیمانی حلقہ سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار شاہد منظور کی حمایت میں منعقدہ جلسہ کو خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت نے گزشتہ دو برسوں میں ریاست کے خراب نظم ونسق کو بہتر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔ مذکورہ دوبرسوں میں حکومت نے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ مختلف اسکیموں جیسے کنیا ودیا دھن، پڑھیں بیٹیاں بڑھیں بیٹیاں،بے روزگاری بھتہ اور لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعہ عوام کا پیسہ عوام کو واپس کرنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۸؍ایمبولنس گاؤں گاؤں و ۱۰۲؍ایمبولنس خدمات کے ذریعہ حاملہ خواتین کو اسپتال تک لانے لے جانے، سرکاری اسپتالوں میں غریبوں کے لئے ایکسرے وجانچ کا مفت کردیا گیا ہے۔ایک لاکھ ساٹھ ہزار تعلیم دوستوں کو ٹیچر عہدہ پر تعینات کرنے، گزشتہ پندرہ برسوں سے سند یافتہ اردو معلمین کو ٹیچر کے عہدہ پر تقرری کرکے ان کے خواب کو پورا کیا گیا۔ارکان اسمبلی کو اپنے فنڈ سے پچیس لاکھ روپئے کی رقم سے غریبوں کا علاج کرنے کی رعایت دے دی گئی ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ مرکز میں ۶۰ برسوں تک کانگریس وبی جے پی نے حکومت کی ہے۔لیکن دونوں ہی حکومتوں نے ریاست میں بجلی کی پیداوار کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا اور نہ ہی سابقہ بی ایس پی حکومت نے اس مسئلے پر کوئی توجہ دی ہے جبکہ سماجوادی پارٹی حکومت نے گزشتہ دو برسوں میں علی گڑھ، بندیل کھنڈ وغیرہ کئی اضلاع میں بجلی گھروں کی تعمیر کرائی ہے۔حکومت نے گزشتہ دو برسوں میں کئی تحصیلوں کی تشکیل کی ہے۔مذکورہ علاقوں میں بجلی گھر قائم ہونے سے قصبوں وشہروں میں ۱۸گھنٹے بجلی فراہم ہوسکے گی اور بجلی بندوبست درست ہونے سے کسان اور تاجر خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی وکانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کی مہم میں دونوں جماعتیں سماجوادی پارٹی سے آگے ہیں۔اس کے لئے وہ فلم اداکاروں سے بھی تشہیر کرارہے ہیں لیکن ریاست کے عوام سائیکل چلانا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ترقی کی بات کی جائے تو گزشتہ دو برسوں میں جتنے لیپ ٹاپ سماجوادی حکومت نے تقسیم کئے ہیں اور جو ترقیاتی کام کرائے ہیں مودی حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں میں بھی اتنے لیپ ٹاپ اور ترقیاتی کام نہیں کرائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت میرٹھ سے کرنال تک فورلین سڑک کی تعمیر جلد کرائے گی۔مسٹر یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت نے غریب کنبہ کے افراد کے لئے سماجوادی پنشن اسکیم شروع کی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق ختم ہونے کے بعد ریاست کے چالیس لاکھ لوگ اسکیم سے مستفید ہوں گے۔اس موقع پر حسین چودھری،عادل چودھری، سنجے گرگ، سنجے یادو،انل آزاد،سندیپ راوت، چودھری درشن سنگھ، اقبال قریشی کے علاوہ امرتیاگی ، مکیشن جین،رام کمار تیاگی، رام پال جاٹو،پدم سنگھ اور انوج گرگ وغیرہ موجود تھے۔