ایسے وقت جبکہ یوکرین پر روسی حملے کا ایک برس مکمل ہونے والا ہے جرمن چانسلر اولاف شولس بھارت کے دورے پر آنے والے ہیں۔ شولس بھارت کے پہلے سرکاری دورے پر فروری کے آخری ہفتے میں دہلی پہنچیں گے۔
جرمن چانسلر اولاف شولس کا یہ بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ امید ہے کہ وہ 25-26 فروری کو بھارت کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا 24 فروری کو ایک برس مکمل ہو رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شولس کا یہ دورہ اس بات کا اشارہ ہے کہ برلن اپنے اسٹریٹیجک حساب کتاب میں نئی دہلی کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ جرمن چانسلر کے دورے سے قبل جرمنی کی خارجہ پالیسی اور سلامتی کے مشیر ینس پیلوٹنا نے نئی دہلی میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی۔
ینس پیلوٹینا جرمن چانسلر کے بھارت دورے کے لیے زمین تیار کرنے کے غرض سے آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بعد میں بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شولس کے دورے کے دوران دونوں ملک روایتی شعبوں کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے قابل تجدید توانائی، سبز ہائیڈروجن، صنعتو ں کے ذریعہ گرین ٹیکنالوجی اپنانے جیسے نئے شعبوں میں باہمی تعاون پر بات چیت ہو گی۔