گجرات کی ایک عدالت نے بی جے پی رکن اسمبلی ہاردک پٹیل کے خلاف 2017 کے ایک معاملے میں گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ دراصل 2017 کے ایک معاملے میں عدالت کے سامنے پیشی کا حکم دیا گیا تھا جس کی خلاف ورزی پر سریندر نگر ضلع کی عدالت نے یہ گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حجاب تنازع کا ایک سال مکمل: کوئی لوٹا دے میرے بیتے ہوئے تعلیمی سال
واضح رہے کہ ہاردک پٹیل نے 2017 کے گجرات اسمبلی انتخاب سے قبل سرکاری حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک سیاسی تقریر کی تھی۔ دھرانگدھرا میں ایڈیشنل چیف جیوڈیشیل مجسٹریٹ ڈی ڈی شاہ نے عدالت میں پیش نہ ہونے پر پٹیل کے خلاف گرفتاری سے متعلق وارنٹ جاری کیا۔ 2 فروری کو جاری اپنے حکم میں عدالت نے سریندر نگر ضلع کے دھرانگدھرا تعلقہ پولیس تھانے کے افسر کو پٹیل کو گرفتار کر عدالت کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی۔
اس سلسلے میں ایک پولیس افسر نے کہا کہ انھیں یہ حکم 11 فروری کو حاصل ہوا ہے۔ سرکاری حکم کی خلاف ورزی کرنے پر پٹیل اور ان کے ساتھی ملزم کوشک پٹیل کے خلاف 12 جنوری 2018 کو دھرانگدھرا تعلقہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دونوں کو اسمبلی انتخاب سے قبل 26 نومبر 2017 میں ہری پور گاؤں میں ایک میٹنگ کرنے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن اس دوران انھوں نے جو تقریر کی اس میں مبینہ طور پر ضلع مجسٹریٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی گئی۔
دونوں کے خلاف گجرات (بامبے) پولیس ایکٹ 1951 کی دفعہ 37(3) اور 135 کے تحت معاملہ درج کیا گیا جو سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے کی سزا سے متعلق ہے۔