جھارکھنڈ کے جمشید پور واقع قدما بازار میں آج صبح اچانک آگ لگ گئی جس سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہونے کا اندازہ کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے تقریباً 20 دکانیں جل کر خاک ہو گئی ہیں۔
قدما بازار میں جس مقام پر آگ لگی ہے وہاں پر کئی دکانداروں کے گودام ہیں اور آگ ایک دکان سے دوسری دکان میں بہت تیزی کے ساتھ پھیلتی دکھائی دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چپل، جوتا اور کرانہ کی کچھ دکانوں کے ساتھ ساتھ ایک وکیل کا دفتر، ریڈیمیڈ گارمنٹس جیسی کچھ دکانیں، گودام اور دفتر جل کر خاک ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششیں لگاتار جاری ہیں لیکن ہنوز آگ پر پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ آگ ایک دکان سے دوسری دکان کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کو روکنے کے لیے فائر بریگیڈ دستہ کو لگایا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم پوری محنت کے ساتھ اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قدما مچھلی بازار کے ٹھیک سامنے والی لائن میں یہ آگ لگی ہے جس کی لپٹیں دور سے دکھائی دے رہی ہیں۔ صبح تقریباً 7 بجے یہ حادثہ پیش آیا جس کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کی اطلاع دی گئی۔
آگ کی لپٹوں سے پورے علاقے میں تپش بڑھ گئی ہے اور لوگ پریشان ہیں۔ آتش زدگی کی زد میں آئی ایک دکان کے مالک رویندر سنگھ بھاٹیا نے کہا کہ فون پر دکان میں آگ لگنے کی خبر ملی، اور آ کر جیسے ہی دکان کھولی تو محسوس ہوا کہ جیسے میں خود جل جاؤں گا۔ میری ہوزری اور کپڑے کی دکان تھی، مجھے پانچ سے چھ لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ میں پوری طرح برباد ہو گیا ہوں۔