نئی دہلی: ٹوکیو اولمپکس 2020 کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین اور دفاعی عالمی چمپئن نکہت زرین ملک میں منعقد ہونے والی آئی بی اے خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گی۔
باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔چیمپئن شپ 15 سے 26 مارچ تک قومی دارالحکومت کے اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی۔
لولینا کے پاس 75 کلوگرام کے زمرے میں عالمی چیمپئن شپ کے دو کانسی کے تمغے ہیں اور وہ سات دیگر اولمپک تمغہ جیتنے والے باکسروں کے ساتھ آئندہ چیمپئن شپ میں سونے کے تمغے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
وہیں نکہت 50 کلوگرام کیٹیگری میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ وہ گزشتہ سال ترکی کے دارالحکومت استنبول میں منعقدہ چیمپئن شپ میں عالمی چیمپئن بنی تھیں۔برمنگھم 2022 کامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈلسٹ نیتو گھنگھاس 48 کلوگرام زمرے میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔ دو بار کے یوتھ ورلڈ چیمپئن سینئر لیول پر گولڈ کے مضبوط دعویدار ہوں گی۔
بی ایف آئی کے صدر اجے سنگھ نے کہاکہ بھارت گزشتہ برسوں میں باکسنگ کی سوپر پاور بن گیا ہے اور ہم آئی بی اے خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کے لیے اس باصلاحیت دستے کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
منیشا ماون، جو دہلی میں 2018 کی عالمی چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ عالمی سطح پر آگئی، انتہائی مسابقتی 57 کلوگرام فیدر ویٹ زمرے میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔