مشہور اداکار پنکج ترپاٹھی جلد ہی فلم ‘اعظم گڑھ’ میں نظر آنے والے ہیں۔ لیکن ان دنوں وہ ‘اعظم گڑھ’ کے فلمسازوں سے بے حد ناراض ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی تنبیہ بھی کی ہے۔
دراصل نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایت کار کملیش مشرا کی پہلی فیچر فلم ‘اعظم گڑھ’ ہے اور اس فلم میں پنکج کا کردار بہت چھوٹا ہے۔
یہ کردار نوجوانوں کو دہشت گردی کی راہ پر لے جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جب پنکج نے او ٹی ٹی میں ریلیز کے وقت فلم کی ہورڈنگ دیکھی تو ناراض ہو گئے۔
دراصل پنکج کو بتایا گیا تھا کہ یہ ایک شارٹ فلم ہے اور فلم کی شوٹنگ کے لیے ان کے پاس صرف تین دن کا وقت تھا۔ لیکن فلم کے پروموشن میں میکرس نے ان کے نام کا اس طرح استعمال کیا ہے جیسے انھوں نے فلم میں کلیدی کردار نبھایا ہو۔
یہی وجہ ہے کہ پنکج ناخوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کی سستی تشہیر کے قطعی حامی نہیں ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنکج ترپاٹھی نے اس فلم میں بغیر کوئی فیس لیے کام کیا تھا۔ فطری طور سے پنکج نہیں چاہتے کہ فلمساز ان کے نام کا غلط استعمال کر کے فلم کی تشہیر کریں۔
اگر فلمساز اس کے لیے راضی نہیں ہوتے ہیں تو انھیں قانونی کارروائی سے گزرنا ہوگا۔ پنکج کو لگتا ہے کہ ان کا کردار بہت چھوٹا ہے اور جس طرح سے انھیں پوسٹر میں دکھایا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔